سوال
کیا فرماتے ہیں علماء ِکرام و مفتیان ِعظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں ایک مسجد کا ٹرسٹی ہوں ،مسجد کے اخراجات مسجد سے متصل دوکانوں کے کرایہ سے چلتے ہیں ،مسجد سے متصل دار العلوم ہے جس میں درسِ نظامی کی تعلیم دی جاتی ہے،جس کا دورانیہ دس ماہ ہوتا ہے ،اساتذہ کو بارہ ماہ کی تنخواہ دی جاتی ہے دو ماہ اساتذہ سے کوئی کام نہیں لیا جاتا اور سالانہ تعطیلات ہوتی ہیں۔اس مسئلے میں ہماری رہنمائی فرمائیں کہ یہ دو ماہ کی تنخواہ اور اگر ساتھ میں بونس بھی دیا جائے تو اس کی شرعی کیا حیثیت ہوگی؟ بینوا وتوجروا! سائل:عبد اللہ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
ہمارےیہاں دینی جامعات میں سال کی ابتداء شوال المکرم سے ہوتی ہے،اور تعلیمی سلسلہ سال میں فقط دس ماہ رجب المرجب تک ہی چلتا ہے،ابتدائے شعبان میں سالانہ امتحان منعقد ہوتے ہیں اور اسکے بعد نصف شعبان، رمضان اور شوال کے ابتدائی ایام تعطیل کے ہوتے ہیں ،اس پر تقریباً تمام شہروں کا عرف ہے اور جس چھٹی کا معمول مسلمانوں میں رائج ہے ،بلاشبہ ان کی تنخواہ کا لینا اور دینا دونوں جائز ہے، مدرسین ان تعطیلات کی تنخواہ کے مستحق ہیں،اگرچہ اجارہ میں اس کی صراحت نہ کی گئی ہو کہ المعروف کالمشروط یعنی جس پر عرف ہو وہ ایسا ہی ہے جیسے اس کو بطور شرط ذکر کیا گیا ہو۔
اسی طرح ہمارے ہاں کچھ شہروں اور مدارس کا رمضان میں بونس دینے کا بھی عرف جاری ہے، لہذا جس شہر میں یہ عرف ہو وہاں پر اساتذہ کو چھٹیوں کی تنخواہ کے ساتھ ساتھ رمضان کا بونس دینا اور اساتذہ کا لینا بھی جائز ہے اور اگر سابقہ سالوں سے بونس دیا جارہا ہے تو اب بھی بونس دینا لازم ہے للعرف السابق۔تعطیلات کی تنخواہ یا سالانہ بونس دونوں کا جواز عرف و عادت سے ہے۔نیز یہ بھی خیال رہے کہ وقف کے ملازمین کا معاملہ عام ملازمین یا اجیر کی طرح نہیں ہوتا ،وقف کے ملازمین کو جو وظیفہ دیا جاتا ہے وہ ایک جہت سے اجرت اور دوسری جہت سے صلہ ہوتا ہے،جیسے قاضی اور دیگر ایسے لوگ جنہوں نے اپنے آپ کو مسلمانوں کے کام کیلئے فارغ کیا ہو،تو ان کو بیت المال سے اتنا وظیفہ دیا جائے گا جس سے ان کی اور انکے زیرِ کفالت افراد کی جملہ ضروریات با آسانی پوری ہوجائیں، یہ وظیفہ بطور صلہ کے ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو مسلمانوں کے کاموں کیلئے فارغ کیا ہے،لہذا انکے اخراجات بھی مسلمانوں کے مال سے ادا کئے جائیں گے۔ہمارے معاشرے میں مساجد اور مدارس میں ماہِ رمضان میں بونس دینے کا عرف ہے تا کہ رمضان اور عید کے اضافی اخراجات باآسانی پورے ہوجائیں اسی طرح دنیاوی اداروں میں بھی سال کی ابتداء یا اختتام پر بونس دینے کا عرف و رواج ہے۔
یاد رہے کہ شعبان اور رمضان کی تعطیلات بالکل بے کار نہیں ہیں اس دوران علماء مختلف کتب کا مطالعہ کرتے ہیں اور ان دِنوں میں ہی تحریری کاموں کیلئے ان کو وقت دستیاب ہوتا ہے ، اس کی ایک بہترین مثال ہمارے سامنے فقہ حنفی کی عظیم کتاب "بہار ِ شریعت" ہے۔صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمہ اللہ تعالیٰ ایک عظیم مدرس تھے اور سارا سال وہ تدریس میں مصروف رہتے تھے، سالانہ چھٹیوں میں آپ کو تدریس سے فراغت ملتی اور ان فارغ دِنوں میں آپ ہر سال بہارِ شریعت کا ایک حصہ تحریر فرماتے، اس طرح سترہ سالوں میں آپ نے سترہ حصے تحریر فرمائے، اگر یہ چھٹیاں نہ ہوتیں ،تو آج ہمارے پاس بہارِ شریعت جیسی عظیم اور ضخیم کتاب نہ ہوتی۔اسی طرح اور بہت سے علماء نے بھی ان دِنوں میں امت کیلئے مفید کتابیں تحریر فرمائیں۔
اسی طرح بیماری وغیرہ انسانی عوارضات کی چھٹیوں پر بھی آج کل عرف ہے،اس لئے اس طرح کی چھٹیاں جو معقول ہوں اور عرف کے مطابق ہوں ان کی تنخواہ بھی وقف کے ملازمین کو دی جائے گی۔
الاشباہ والنظائر میں ہے"
:البطالة في المدارس، كأيام الأعياد ويوم عاشوراء، وشهر رمضان في درس الفقه على وجهين: فإن كانت مشروطة لم يسقط من المعلوم شيء، وإلا فينبغي أن يلحق ببطالة القاضي، فقال في المحيط: إنه يأخذ في يوم البطالة؛ لأنه يستريح لليوم الثاني۔۔۔ وقيل: لا يأخذ وفي المنية: القاضي يستحق الكفاية من بيت المال في يوم البطالة في الأصح، واختاره في منظومة ابن وهبان، وقال: إنه الأظهر فينبغي أن يكون كذلك في المدارس؛ لأن يوم البطالة للاستراحة، وفي الحقيقة يكون للمطالعة والتحرير عند ذي الهمة "
ترجمہ:عید کے دنوں ،عاشورہ اور ماہِ رمضان جیسی مدارس میں فقہی تعلیم کی تعطیلات دو طرح سے ہے۔(1)اگر معاہدہ میں مشروط ہیں ،تو مشاہرہ بالکل ساقط نہیں ہوگا ،(2)اگر مشروط نہ ہوں تو ان کا حکم قاضی کی تعطیلات کے موافق ہونا چاہئے۔اور محیط میں فرمایا:قاضی ایام تعطیلات کا مشاہرہ حاصل کرے گا کیونکہ یہ دوسرے دِنوں کیلئے استراحت کرتا ہے اور بعض نے کہا حاصل نہ کرے گا اور منیہ میں ہے :اصح یہ ہے کہ وہ اپنی ضروریات کی تکمیل کے قابل نفقہ کا بیت المال سےمستحق ہوگااور ابنِ وہبان کے منظوم میں اسی کو مختار فرمایااور انہوں نے فرمایا: یہی اظہر ہے۔تو مدارس میں بھی ایسا ہی ہونا چاہیے کیونک چھٹیاں آرام کیلئے ہیں اور حقیقت میں مطالعہ اور ہمت والوں کیلئے تحریر کیلئے ہیں۔
(الشباہ والنظائر،ج:،ص:81، دار الكتب العلمية، بيروت)۔
الدر المختار میں ہے:
"وفي الأشباه الجامكية في الأوقاف لها شبه الأجرة أي في زمن المباشرة والحل للأغنياء، وشبه الصلة فلو مات أو عزل لا تسترد المعجلة"
ترجمہ:اشباہ میں ہے( اوقاف سے وظیفہ پانے والوں کو جو ملتا ہے ) وہ اجرت کے مشابہ ہے ،جن دِنوں وہ کام کریں ،اور وہ اغنیاء کیلئے حلال ہے اور وہ صلہ کے بھی مشابہ ہے،لہذا اگر وہ انتقال کرجائے یا معزول کردیا جائے تو جو پیشگی اجرت دی گئی وہ واپس نہیں لی جائے گی (اگر وہ محض اجرت ہوتی تو وہ واپس لینا لازم آتا)۔
(در مختار،ج:6،ص:666،مکتبہ رحمانیہ)۔
رد المحتار علی الدر المختار میں ہے:
"حيث كانت البطالة معروفة في يوم الثلاثاء والجمعة وفي رمضان والعيدين يحل الأخذ"
ترجمہ:اس حیثیت سے منگل اور جمعہ کے دن اوررمضان اور عیدین کی چھٹی بھی معروف ہے،لہذا ان چھٹیوں کی اجرت لینا جائز ہے۔
(رد المحتار،ج:6،ص:571،مکتبہ رحمانیہ)۔
امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان قادری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:" تعطیلاتِ معہودہ مثلِ تعطیل ماہ مبارک رمضان وعیدین وغیرہا کی تنخواہ مدرسین کو بیشک دی جائے گی فان المعہود عرفا کمشروط مطلقا(یعنی عرف میں معلوم متعین چیز مطلقا مشروط کی طرح ہے)۔
(فتاویٰ رضویہ ،ج:19،ص:338،رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔
بہار شریعت میں ہے :
"مدرسہ میں تعطیل کے جو ایام ہیں مثلا جمعہ منگل یا جمعرات ماہ رمضان اور عید وبقرعید کی تعطیلیں جو عام طور پر مسلمانوں میں رائج ومعمول ہے ان تعطیلات کی تنخواہ کا مدرس مستحق ہے ۔
(بہار شریعت ،ج:2،حصہ دہم ،ص:549)۔ )
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب