سوال
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے متعلق کہ ہمارے محلے کے امام صاحب نے کہا ہے کہ قرآن کہتا ہے کہ ہم کسی کے عذاب میں تخفیف نہیں کرتے، اور ابولہب والی جو حدیث ہے اس میں عذاب میں تخفیف کا ذکر ہے اس لیے اس امام نے اس حدیث کا سرے سے ہی انکار کردیا ہے، اور کہتا ہے کہ قران کے مقابلے میں جو حدیث آئے گی میں اسکو نہیں مانوں گا۔ اس کے چاہنے والے مجھ سے بحث کر رہے ہیں اور ضد کر رہے ہیں۔ برائے مہربانی آپ میری رہنمائی فرمائیں کہ معاملہ اسی طرح ہے یا اس کے برخلاف ۔؟بینوتوجروا! سائل :محمد جنید رضا ،پنجاب
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ کفار کے لیے آخرت کے عذاب سے خلاصی نہیں، اور ان کا کفر چونکہ ایمان کے منافی ہے، اس لیے ان کے اعمالِ صالحہ آخرت میں اجر و ثواب کا موجب نہیں بن سکتے؛ کیونکہ اعمالِ صالحہ کی قبولیت اور ان پر اخروی اجر و ثواب کا ترتب ایمان پر موقوف ہے۔ قرآنِ کریم میں بھی کفار کے اعمال کے بے اثر اور باطل ہونے کی صراحت موجود ہے۔
اور ابو لہب کے عذاب میں تخفیف کا مسئلہ، تو اس سے مذکورہ کلی حکم میں کوئی تعارض لازم نہیں آتا؛ اس لیے کہ ابو لہب کے عذاب میں تخفیف، حضورِ اقدس علیہ الصلاۃ والسلام سے اس کے تعلق کی خصوصی نسبت کے باعث ہوئی، جو اللہ تعالیٰ کا محض فضل و کرم ہے، نہ کہ کفار کے لیے کوئی عمومی ضابطہ یا اصول۔اسی طرح کفار کے عذاب میں تخفیف نہ فرمانا اللہ تعالیٰ کے عدل کا تقاضا ہے، جبکہ ابو لہب کے عذاب میں تخفیف فرما دینا اس کا فضل و احسان ہے۔ مزید یہ کہ کفار کے عذاب میں تخفیف نہ ہونے سے مراد عذاب کی مدت میں کمی نہ ہونا ہے؛ یعنی عذابِ آخرت کی دائمی مدت میں کوئی تخفیف واقع نہیں ہوگی، جبکہ ابو لہب کے حق میں جو تخفیف وارد ہوئی ہے، وہ عذاب کی کیفیت اور شدت کے اعتبار سے ہے، نہ کہ اس کی دائمی مدت میں کمی کے اعتبار سے۔اور بعض اہلِ علم نے یہ توجیہ بھی بیان فرمائی ہے کہ کفار کے عذاب سے نجات نہ ہونے کا تعلق عذابِ آخرت سے ہے، جبکہ ابو لہب کے حق میں وارد ہونے والی تخفیف کا تعلق عذابِ برزخ سے ہے۔ لہٰذا ان دونوں نصوص کے درمیان کوئی حقیقی تعارض نہیں۔
امام صاحب کا یہ کہنا کہ " قرآنِ کریم کے مقابلے میں جو حدیث آئے گی میں اس کو قبول نہیں کروں گا " تو یہ مطلقاً درست نہیں،کیونکہ قرآن کے عمومی حکم میں خبر مشہور کے ذریعے تخصیص کی جاسکتی ہے ، بلکہ اگر خبرِ واحد بھی قرآن کے کسی حکم کے ساتھ اس طور جمع ہو کہ دونوں پر عمل کیا جاسکے تو دونوں پہ عمل کیا جائے گا، اور اس سے قرآن کے حکم کی نفی لازم نہیں آئے گی ۔ اور بعض (منکرینِ فضائل ِ رسول ﷺ) سے جب اس درج بالا ابو لہب والی حدیث کے متعلق سوال ہو ا تو انہوں نے یہ کہہ کر " یہ بعض ضعیف روایتوں سے ثابت ہے" حضور علیہ السلام کی عظمت و فضائل کو چھپانے کی کوشش کی اور اس پر امام ابن حجر عسقلانی علیہ الرحمہ وغیرہ کا حوالہ دیا ۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ امام ابن حجر عسقلانی علیہ الرحمہ نے آگے خود اس کا جواب بھی ارشاد فرمایا کہ ابو لہب کے عذاب میں تخفیف حضور علیہ السلام کے تعلق کی وجہ سے ہے ۔نیز ابو لہب کے عذاب میں تخفیف سے متعلق روایت کو اگر ضعیف بھی تسلیم کیا جائے، تب بھی فضائلِ اعمال و فضائلِ نبوی ﷺ میں اس کا ذکر اہلِ علم کے ہاں معروف و معمول بہ اور مقبول ہے اورہمارے ائمہ کا اس بات پر اتفاق ہے کہ حدیث ضعیف ،فضائل میں معتبر ہوتی ہے ۔لہٰذا ابو لہب کے عذاب میں تخفیف والی روایت کو قرآنِ کریم کے مقابل کہہ کر اس کا انکار کر دینا درست نہیں، بلکہ ائمہ اہلِ سنت نے اس روایت کو قبول کیا ہے اور اس میں قرآنِ کریم کے ساتھ کوئی تعارض نہیں۔
کفار کے اعمال قبول نہ ہونے کے متعلق اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا :
"وَ قَدِمْنَاۤ اِلٰى مَا عَمِلُوْا مِنْ عَمَلٍ فَجَعَلْنٰهُ هَبَآءً مَّنْثُوْرًا"
ترجمہ کنزالایمان:اور جو کچھ انہوں نے کام کیے تھے ہم نے قصد فرماکر انہیں باریک باریک غبار کے بکھرے ہوئے ذرّے کردیا کہ روزن کی دھوپ میں نظر آتے ہیں ۔
اس آیت کے تحت امام جلال الدین السیوطی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
وقدمنا عمدنا) الى ما عملوا من عمل ) مِنَ الْخَيْرِ كَصَدَقَةٍ وَصِلَةِ رَحم وَقِرَى ضَيفٍ وَإِغَالَةِ مَنْهُوفٍ فِي الدُّنيا فجعلنه هباء منثورا هُوَ ما يرى فِي الكُوَى الَّتِي عَلَيْهَا الشَّمْسُ كَالعُبَارِ المُفْرِقِ أَي مِثْلُهُ فِي عَدَمِ النفع به إذ لا ثوابَ فِيهِ لِعَدمٍ شَرطِهِ وَيَجَازُونَ عليه في الدنيا
ترجمہ:اور ہم نے قصد فرما کر جو کچھ انہوں نے کام کیے تھے (نیکی کے ،دنیا میں مثلاً صدقہ ،صلہ رحمی، مہمان نوازی اور کسی مظلوم کی فریاد رسی) انہیں بار یک بار یک غبار کے بکھرے ہو ذرے کر دیا کہ روزن کی دھوپ میں نظر آتے ہیں " هباء منثورا "سے مراد وہ باریک ذرات ہیں جو روشن دان کے کسی بار یک سوراخ میں دھوپ پڑنے کے وقت نظر آتے ہیں، جیسا کہ غبار کے بکھرے ہوئے ذرے ہوں ، یعنی ان کے نیک اعمال نفع نہ دینے میں اس منتشر غبار جیسے ہیں، اس لئے کہ ایمان کی شرط نہ پائے جانے کی وجہ سے ان کے نیک اعمال میں کوئی ثواب نہیں بلکہ وہ دنیاہی میں اس نیک کام کا بدلہ پاچکے ہیں ) ۔
(پارہ:19 ،سورۃالفرقان،آیت نمبر :23)
کفار کے عذاب میں تخفیف نہ ہونے کے متعلق اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:
خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۚ-لَا یُخَفَّفُ عَنْهُمُ الْعَذَابُ وَ لَا هُمْ یُنْظَرُوْنَ
ترجمہ کنزالایمان :ہمیشہ رہیں گے اس میں نہ ان پر سے عذاب ہلکا ہو اور نہ انہیں مہلت دی جائے۔
(پارہ:2 ،سورۃالبقرہ،آیت نمبر :162)
اس آیت کے تحت حکیم الامت مفتی احمد یار خاں نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
تفسیر سے معلوم ہو گیا کہ یہ نہ ہو گا کہ اولاً انہیں سخت عذاب دیا جائے پھر ہلکا ہو جائے یا شروع میں بہت تکلیف محسوس ہو پھر کم بلکہ اس میں یکسانیت ہو گی ابو لہب وغیرہ کو اول ہی سے یہ تخفیف ہے کفار کا عذاب بقدر کفر ہے۔ جتنا کفر سخت اتنا عذاب بھی سخت ہاں ان کے بعض نیک اعمال ان کا عذاب ہلکا کر دیں گے۔ جیسے حاتم طائی وابو لہب وغیرہ۔
اعتراض: اس آیت سے معلوم ہوا کہ کفار پر عذاب ہلکا نہ ہو گا اور بخاری کی روایت میں ہے کہ ابو لہب کو دو شنبہ کے دن عذاب ہلکا ہوتا ہے حضور کی ولادت کی خوشی کی وجہ سے چونکہ وہ حدیث اس آیت کے خلاف ہے نیز وہاں خواب کا ذکر ہے لہذا قابل قبول نہیں یہ آیت برحق ہے۔ جواب: اس کے دو جواب ہیں ایک یہ کہ آیت کریمہ کا مطلب وہ ہے جو ابھی تفسیر میں گزرا یعنی دوزخی کافر کو جتنی شدت اولاً محسوس ہو گی اتنی ہی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی دنیا کی طرح سہار نہ پیدا ہو گی اور ابو لہب کے لئے یہ رعایت اول ہی سے ہے۔ بعض کفار اول ہی سے ہلکے عذاب میں ہوں گے بعض سخت عذاب میں ورنہ دوزخ کے سات طبقے کیوں بنے اور ان کے عذاب مختلف کیوں ہوئے۔ دوسرے یہ کہ آیت کریمہ میں قانون کا ذکر ہے وہاں خصوصی کرم کا ،قانون و خصوصیات میں فرق ہے لہذا وہ حدیث اس آیت کے خلاف نہیں۔
(تفسیر نعیمی،ج:2،ص:118-119،نعیمی کتب خانہ)
اس آیت کے تحت شیخ الاسلام سید محمد مدنی اشرفی فرماتے ہیں:
انکو اسکا بھی موقع نہیں دیا جائے گا کہ عذر و معذرت کر سکیں اور رحمت الہی کے منظور نظر ہو سکیں ۔ جس کیلئے جو عذاب مقرر کیا جا چکا ہے، وہ اس میں ہمیشہ رہے گا۔ان کے کفر نے جہنم سے نجات کے سارے راستے بند کردیے ہیں اب اگر نبی کریم کی شفاعت و وجاہت کی خصوصیت کی وجہ سے کسی کو اس عام قاعدے سے مستثنی کر دیا جائے تو یہ خدا کا فضل ہے۔
الغرض ۔۔۔ عام کافروں کے عذاب میں تخفیف نہ کرنا، یہ خدا کا ضابطۂ عدل ہے اور دوشنبہ کے دن ابولہب کے عذاب میں تخفیف فرمادینا اسکا فضل ہے یا یہ کہ کافروں کے عذاب کی غیر متناہی مدت میں کمی نہیں کی جائیگی۔ ایسی صورت میں ممکن ہے کہ کسی کیلئے رب کریم اپنے فضل و کرم عذاب کی شدت میں کمی کردےالغرض مدت عذاب میں کمی نہیں کی جائیگی ۔ اب اگر رب تعالی چاہے تو اپنے فضل سے شدت عذاب میں کمی کر دے ۔۔۔یا یہ کہ ارشاد کا حاصل یہ ہے کہ عذابِ آخرت میں تخفیف نہیں کی جائیگی۔ ہاں عذاب برزخ میں تخفیف کی جا سکتی ہے۔
( ملخصا ،تفسیر اشرفی،ج:1،ص:187،مکتبہ ضیاء القرآن پبلی کیشنز )
صحیح البخاری میں ہے:
"قال عروة: وثويبة مولاة لأبي لهب، كان أبو لهب أعتقها فأرضعت النبي ﷺ، فلما مات أبو لهب أريه بعض أهله بشر حيبة، قال له: ماذا لقيت؟ قال أبو لهب: لم ألق بعدكم غير أني سقيت في هذه بعتاقتي ثويبة"
ترجمہ: حضرت عروہ نے فرمایا : ثویبہ ابو لہب کی لونڈی تھی۔ ابو لہب نے اسے آزاد کر دیا تھا، پھر اسی ثویبہ نے نبی کریم ﷺ کو دودھ پلایا ، جب ابو لہب فوت ہوا تو اس کے گھر والوں میں سے کسی نے اسے بری حالت میں( خواب میں) دیکھا۔اس سے کہا تم نے مرنے کے بعد کیا پایا؟ ابو لہب نے کہا میں نے تمہارے بعد کوئی راحت نہیں پائی، ہاں مجھے ثُوَیبہ کو آزاد کرنے کی وجہ سے اس جگہ سے سیراب کیا جاتا ہے۔
(صحیح البخاری ،رقم الحدیث:5101)
اس حدیث کے تحت امام احمد بن علی بن حجر العسقلانی فرماتے ہیں:
"وثانيا على تقدير القبول فيحتمل أن يكون ما يتعلق بالنبي ﷺ مخصوصا من ذلك"
ترجمہ: اور دوسری بات، قبول کرنے کی صورت میں پس یہ احتمال ہے کہ نبی کریم ﷺ سے تعلق کی وجہ سے یہ (ابو لہب کو سیراب کیا جانے والا ) معاملہ اس سے مخصوص ہو ۔
(فتح الباری شرح صحیح البخاری،ج:9،ص:181،قدیمی کتب خانہ)
اس حدیث کے تحت امام بدرالدین ابو محمد محمود بن احمد العینی فرماتے ہیں:
"وفي التوضيح وفيه أي وفي هذا الحديث من الفقه أن الكافر قد يعطى عوضاً من أعماله التي يكون منها قربة لأهل الإيمان بالله۔۔۔وعلى تقدير التسليم يحتمل أن يكون العمل الصالح والخير الذي يتعلق لـرسول الله صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مخصوصاً۔۔۔وقال القرطبي هذا التخفيف خاص بهذا وبمن ورد النص فيه"ملتقطا
ترجمہ:اور کتاب "التوضیح "میں ہے: اس حدیث سے ایک فقہی بات معلوم ہوئی کہ کبھی کافر کو بھی اس کے بعض ایسے اعمال کا بدلہ دیا جا سکتا ہے جو اللہ پر ایمان رکھنے والوں کے لیے باعثِ قربت ہوں ۔ اگر یہ بات تسلیم بھی کرلی جائے، تو ممکن ہے کہ نیک عمل اور بھلائی کا فائدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کسی خاص علت اور حکمت کی بنا پر ہو ۔قرطبی نے فرمایا یہ تخفیف خاص ہے اس خصوصیت ِ نبی ﷺکے ساتھ اور اس کے ساتھ جس کے اندر نص وارد ہوئی ہے ۔
(عمدۃ القاری شرح صحیح البخاری،ج:20،ص:134،مکتبہ رشیدیہ)
مزید آپ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :
"فإن قلت: أعمال الكفرة هباء منثورا لا فائدة فيها. قلت: هذا النفع من بركة رسول الله، ﷺ وخصائصه"
اگر تو کہے کہ کافروں کے اعمال تو بکھرے ہوئے غبار کے ذروں کی طرح ہوتے ہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا تو میں کہوں گا یہ نفع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت اور آپ کے خصائص میں سے ہے۔
(عمدۃ القاری شرح صحیح البخاری،ج:17 ،ص:23 ،مکتبہ رشیدیہ)
محقق علی الاطلاق شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"اول کسیکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم را شیر داد ثویبہ بود کنیز کہ ابو لہب بضم مثلثہ وفتح واو و سکوں تحتانیہ و موحدہ در آخر واین ثویبہ آن شب کرچون آنحضرت متولد شد بشارت رسانید بابولہب کہ در خانۂ عبدالله برادر تو پسری متولد شد و ابولہب او را بمژگانی آزاد کرد و امر کرد کہ او را شیر دہد حق تعالی باین شادی وسرور کہ ابولہب بولادت آنحضرت صلی الله علیہ وسلم کرد در عذاب وی تخفیف کرد و در دوشنبہ ازوی عذاب برداشت چنانکہ در حدیث آمده است و در اینجا سند است مر اہل موالید را کہ در شب میلاد آنحضرت صلی الله علیہ وسلم سرور کنند و بذال اموال نمایند یعنی ابولہب کہ کافر بود و قرآن بمذمت وی نازل شده چون بسرور میلاد آنحضرت وبذل شیر جاریہ وی بجہتہ آنحضرت جزا را ده شد"
ترجمہ:سب سے پہلے جس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دودھ پلا یا وہ ابو لہب کی باندی ثویبہ ( بضم ثاء و فتح واو و سکون یا ) تھی ۔ جس شب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی ثو یبہ نے ابو لہب کو بشارت پہنچائی کہ تمہارے بھائی حضرت عبداللہ کے گھر فرزند پیدا ہوا ہے ابو لہب نے اس مژدہ پر اس کو آزاد کر کے حکم دیا کہ جاؤ دودھ پلاؤ ۔ حق تعالی نے اس خوشی ومسرت پر جوا بو لہب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پر ظاہر کی اس کے عذاب میں کمی کر دی اور دو شنبہ (پیر) کے دن اس پر سے عذاب اٹھالیا جاتا ہے۔ جیسا کہ حدیث میں آیا ہے ۔ اس حدیث میں میلاد شریف پڑھوانے والوں کیلئے حجت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی رات میں خوشی و مسرت کا اظہار کریں اور خوب مال و زر خرچ کریں ۔ مطلب یہ کہ باوجودیکہ ابولہب کافر تھا اور اس کی مذمت قرآن کریم میں نازل ہو چکی ہے ۔جب اس نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی میلاد کی خوشی کی اور اس نے اپنی باندی کو دودھ پلانے کی خاطر آزاد کر دیا تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے حق تعالیٰ نے اسے اس کا بدلہ عنایت فرمایا۔
(مدارج النبوت،ج:2،ص:36،پبلشرمنشی ٹول کشور لکھنؤ)
حدیث ضعیف فضائل میں مقبول ،الشیخ ملا علی القاری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
"والضعيف يعمل به في فضائل الأعمال اتفاقاً ، ولذا قال أئمتنا : إن مسح الرقبة مستحب أو سنة"
ترجمہ: فضائل اعمال میں روایت ضعیف پر بالاتفاق عمل کیا جاتا ہے ۔ اسی لیے ہمارے علماء نے گردن پر مسح کرنے کو مستحب یا سنت کہا ہے۔ (جو کہ ضعیت حدیث سے ثابت ہے)
(الاسرار المرفوعۃ في الاخبار الموضوعۃ،ص:315،دارالامانہ)
فصول الحواشی مع اصول الشاشی میں ہے :
"(فان قابله )ای عارض الخاص من الكتاب (خبر الواحد او القياس ...فان امكن الجمع بينهما بدون التغير في حكم الخاص يعمل بهما) اي بالمتقابلین ۔۔۔(والا )اى وان لم يمكن الجمع بينهما بدون تغير في حكم الخاص (يعمل بالكتاب ويترك ما يقابله) لان الكتاب اقوى منها" ملتقطا
ترجمہ : اگر اس ( کتاب اللہ کے خاص کے حکم) کے مقابل خبرِ واحد یا قیاس ہو ،پس اگر دونوں کو جمع کرنا ممکن ہو کہ خاص کے حکم میں کوئی تبدیلی نہ آئے تو دونوں پر عمل کیا جائے گا، یعنی دونوں متعارض دلائل کو جمع کر کے ان کے مطابق حکم دیا جائے گااگر دونوں کو جمع کرنا ممکن نہ ہو بغیر خاص کے حکم میں تبدیلی کے تو کتاب اللہ پر عمل کیا جائے گا اور اس کے مقابل کو چھوڑ دیا جائے گا، کیونکہ کتاب اللہ ان دونوں سے زیادہ قوی دلیل ہے۔
(فصول الحواشی مع اصول الشاشی،ص:28،مکتبۃ الحرم)
اسی میں آیۃ مقدسہ "حتی تنکح زوجا غیرہ" میں دخول کی قید کے متعلق ہے :
"(قال البعض قید الدخول ثبت بالخبر وجعلوہ من المشاھیر فلا یلزمھم قید الکتاب بخبر الواحد) وهو مذهب الجمهوران قيد الدخول ثبت بالخبر وهو من المشاهير يصح به الزيادة علی كتاب الله ۔۔۔قال شيخ الاسلام صاحب الهداية، يزاد على النص بالخبر المشهور وهو قوله عليه السلام لا تحل للاول حتى تذوق من عسيلتہ"
ترجمہ : بعض علماء نے کہا کہ دخول کی قید (یعنی دوسرے شوہر سے حقیقی ازدواجی تعلق قائم ہونا) خبرِ سے ثابت ہوئی ہے، اور انہوں نے اس خبر کو مشہور احادیث میں شمار کیا ہے۔ لہٰذا ان کے نزدیک کتاب اللہ کے حکم کو خبرِ واحد کے ذریعے قید کرنا لازم نہیں آئے گا ۔اور یہی جمہور علماء کا مذہب ہے کہ دخول کی قید خبر سے ثابت ہوئی ہے، اور یہ خبر مشہور کے درجے میں ہے، اس لیے اس کے ذریعے کتاب اللہ کے حکم میں اضافہ کرنا جائز ہے۔شیخ الاسلام، صاحبِ ہدایہ فرماتے ہیں کہ نصِ قرآنی میں مشہور خبر کے ذریعے اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اورخبر مشہور کی مثال رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے:پہلے شوہر کے لیے وہ عورت اس وقت تک حلال نہیں ہوگی جب تک وہ (دوسرے شوہر سے نکاح کرنے کے بعد ازدواجی تعلق کا)ذائقہ نہ چکھ لے۔
(فصول الحواشی مع اصول الشاشی،ص: 75مکتبۃ الحرم)
حاشیۃ الطحطاوي على مراقي الفلاح میں ہے:
"قال أهل السنة والجماعة عذاب القبر وسؤال منكر ونكير حق لكن إن كان كافرا فعذابه يدوم في القبر إلى يوم القيامة ويرفع عنهم العذاب يوم الجمعة وشهر رمضان لحرمة النبي صلى الله عليه وسلم"
ترجمہ :اہل سنت و جماعت نے فرمایا کہ قبر کا عذاب اور منکر نکیر کا سوال حق ہیں لیکن اگر کافر ہو تو اس کو ہمیشہ قیامت تک عذاب ہوتا رہے گا او حضور علیہ السلام کی حرمت کی وجہ سے جمعہ کے دن اور رمضان کے مہینے میں ان سے عذاب دور کیا جاتا ہے ۔
(حاشیۃالطحطاوي على مراقي الفلاح،ص: 524، قدیمی کتب خانہ )
واللہ اعلم باالصواب