سوال
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے متعلق کہ آبِ زم زم کھڑے ہوکر پینا کیسا؟ اور اس کو کھڑے ہوکر پینے میں حکمت کیا ہے؟ بینوا توجروا! سائل:عبد اللہ صدیقی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيم
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
آبِ زم زم کھڑے ہوکر پینا سنت ہے،اور اس کی حکمت علماءِ کرام نے یہ لکھی کہ کھڑے ہوکر جب پانی پیا جاتا ہے وہ فوراً تمام اعضا کی طرف سرایت کرجاتا ہے اور یہ نقصان دہ ہے، مگر یہ پانی برکت والا ہے اور اس سے مقصود ہی تبرک ہے، لہٰذا اس کا تمام اعضاء میں پہنچ جانا فائدہ مند ہے۔اسی طرح وضو کے بچے ہوئے پانی کا مسئلہ ہے۔
صحیح بخاری و مسلم میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے مروی ہے:
" عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، «أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَرِبَ مِنْ زَمْزَمَ مِنْ دَلْوٍ مِنْهَا وَهُوَ قَائِمٌ»
ترجمہ: نبی کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے آبِ زم زم کے ڈول سے کھڑے کھڑے پانی پیا۔
(صحیح مسلم،کتاب الأشربۃ، باب في الشرب من زمزم قائما،رقم الحدیث:2027)۔
صحیح بخاری میں ہے:
"قَالَ: أَتَى عَلِيٌّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَلَى بَابِ الرَّحَبَةِ «فَشَرِبَ قَائِمًا» فَقَالَ: إِنَّ نَاسًا يَكْرَهُ أَحَدُهُمْ أَنْ يَشْرَبَ وَهُوَ قَائِمٌ، وَإِنِّي «رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَعَلَ كَمَا رَأَيْتُمُونِي فَعَلْتُ»
ترجمہ:حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ رحبہ کوفہ (کوفہ کی جامع مسجد کے صحن)میں آئے ، پھرآپ نے (وضو کا بچا ہوا پانی) کھڑے ہو کر پیا اور یہ فرمایا کہ لوگ کھڑے ہو کر پانی پینے کو مکروہ بتاتے ہیں اور جس طرح میں نے کیا نبی کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کو بھی ویساکرتے میں نے دیکھا تھا۔
(بخاری،رقم الحدیث:5615)۔
اس حدیث کی تشریح میں مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:
"اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ مطلقاً کھڑے ہو کر پانی پینے کو مکروہ بتاتے ہیں حالانکہ وضو کے پانی کا یہ حکم نہیں بلکہ اس کو کھڑے ہو کر پینا مستحب ہے۔اسی طرح آبِ زم زم کو بھی کھڑے ہو کر پینا سنت ہے۔ یہ دونوں پانی اس حکم سے مستثنیٰ ہیں اور اس میں حکمت یہ ہے کہ کھڑے ہوکر جب پانی پیا جاتا ہے وہ فوراً تمام اعضا کی طرف سرایت کرجاتا ہے اور یہ مضر ہے، مگر یہ دونوں برکت والے ہیں اور ان سے مقصود ہی تبرک ہے، لہٰذا ان کا تمام اعضاء میں پہنچ جانا فائدہ مند ہے۔
(بہارِ شریعت،حصہ شانزدہم،ج:3،ص:384)۔
ردالمحتار میں ہے:
ماء زمزم شفاء وكذا فضل الوضوء.وفي شرح هدية ابن العماد لسيدي عبد الغني النابلسي: ومما جربته أني إذا أصابني مرض أقصد الاستشفاء بشرب فضل الوضوء فيحصل لي الشفاء، وهذا دأبي اعتمادا على قول الصادق - صلى الله عليه وسلم - في هذا الطب النبوي الصحيح"
آبِ زمزم شفا ہے اور اسی طرح وضو کا بچا ہوا پانی بھی۔ ہدیۃ ابن العماد کی شرح میں علّامہ عبدالغنی نابلسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں میں نے تجربہ کیا ہے کہ جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وضو کے بقیہ پانی سے شفا حاصل کرنے کا ارادہ کرتا ہوں پس مجھے شفا حاصل ہوجاتی ہے نبی صادق صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے اس صحیح طب نبوی میں پائے جانے والے ارشاد گرامی پر اعتماد کرتے ہوئے میں نے یہ طریقہ اختیار کیا ہے ۔
(رد المحتار،ج:1،ص130،دار الفکر بیروت)۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب